ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ راکول پریت سنگھ نے رشتوں میں بے وفائی اور معافی کے موضوع پر کھل کر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی بہت طویل ہوتی ہے، بعض اوقات ایک غلطی پر معاف بھی کیا جاسکتا ہے۔ ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران راکول پریت سنگھ سے پوچھا گیا کہ کیا کسی رشتے میں دھوکے کو کبھی جائز قرار دیا جا سکتا ہے تو انہوں نے ابتدا میں دو ٹوک انداز میں نہیں کہا۔
اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب حالات اور غلطی کی نوعیت پر منحصر ہوتا ہے۔ ان کے مطابق اگر کسی سے ایک بار غلطی ہو جائے تو ضروری نہیں کہ ہمیشہ کے لیے رشتہ ختم کر دیا جائے، کیونکہ زندگی اتنی لمبی ہے کہ ایک غلطی کو معاف کیا جاسکتا ہے۔ البتہ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کا یہ بیان ان کی ذاتی ازدواجی زندگی سے متعلق نہیں ہے۔ واضح رہے راکول پریت سنگھ اور ان کے شوہر جیکی بھگنانی کی ازدواجی زندگی آج کل سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی ہوئی تھی۔