کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکار اور ہدایت کار شہود علوی ایک بار پھر اپنی گفتگو کے باعث سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گئے۔ حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام میں انہوں نے گھریلو خواتین کے حوالے سے بعض ایسے تبصرے کیے جن پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بحث شروع ہو گئی۔
میاں بیوی کے درمیان شوہر کی دلچسپی کم ہونے کی وجوہات پر گفتگو کرتے ہوئے شہود علوی نے کہا کہ جو خواتین زیادہ تر گھر میں رہتی ہیں، ان کے جسم اور کپڑوں سے کھانا پکانے میں استعمال ہونے والے ادرک اور لہسن کی بو آتی ہے، جبکہ دفتر میں مردوں کا واسطہ خوشبو لگانے والی خواتین سے پڑتا ہے۔اداکار نے کہا کہ بیوی سے ادرک اور لہسن کی بو آئے گی تو کون اسے دیکھے گا؟ دفتر میں لڑکیاں پرفیوم لگا کر بیٹھی ہوتی ہیں۔
شہود علوی نے کہا کہ اگر شوہر ضرورت سے زیادہ وقت موبائل فون پر گزار رہا ہو تو یہ مثبت علامت نہیں، خواتین کو بھی شوہروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اضافی کوشش کرنی چاہیے، جس میں شوہر کی پسند کا کھانا تیار کرنا اور ان کے گھر واپس آنے سے قبل تیار ہونا شامل ہے۔شہود علوی کے ان تبصروں کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آرہی ہیں، جہاں کچھ افراد ان کے اندازِ گفتگو کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، جبکہ بعض صارفین نے اسے مارننگ شو میں ہونے والی ایک غیر رسمی گفتگو قرار دیا ہے۔