کراچی (شوبز ڈیسک) سینئر اداکار محمد احمد نے چہرے کی تازگی اور نکھار کے لیے تھریڈ لفٹ ٹریٹمنٹ کروا لیا، جس کی تصاویر اور تفصیلات سامنے آنے کے بعد مداحوں میں بھی دلچسپی پیدا ہوگئی، جبکہ سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے سامنے آرہے ہیں۔ حال ہی میں اداکار کو ایک کاسمیٹک اور ایستھیٹکس کلینک میں دیکھا گیا، جہاں انہوں نے تھریڈ لفٹ کا طریقہ علاج کروایا۔
تھریڈ لفٹ چہرے کو اوپر اٹھانے اور اس کی ساخت بہتر بنانے کا ایک کم مداخلت والا، غیر جراحی طریقہ سمجھا جاتا ہے۔اداکار کے مطابق پورا عمل ان کے لیے تقریبا بے تکلیف رہا اور ڈاکٹرز نے بھی مکمل تعاون کیا، جس کی وجہ سے وہ پورے ٹریٹمنٹ کے دوران خود کو آرام دہ محسوس کرتے رہے۔ محمد احمد نے یہ بھی کہا کہ علاج کے بعد وہ خود کو پہلے سے زیادہ جوان محسوس کررہے ہیں۔محمد احمد کے اس فیصلے پر جہاں بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے اپنی دیکھ بھال اور شخصیت کو بہتر رکھنے کے لیے ان کے اقدام کو سراہا، وہیں بعض افراد کا کہنا ہے کہ قدرتی عمر رسیدگی کی اپنی خوبصورتی اور وقار ہوتا ہے۔ اداکار کے کاسمیٹک ٹریٹمنٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔