اسلام آباد(نیوز ڈیسک)نادرا نے تمام شہریوں کیلیے ’آئرس اسکین‘ کی مفت سہولت فراہم کردی ہے، شہریوں سے شناختی معلومات محفوظ بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے شہریوں کی شناختی معلومات کے تحفظ کو مزید موثر بنانے کے لیے ملک بھر کے تمام دفاتر میں آئرس اسکین کی مفت سہولت فراہم کردی گئی ہے۔
نادرا کی آئرس اسکین (آنکھ کی پتلی کی اسکیننگ) سہولت شہریوں کی شناختی معلومات کو محفوظ بنانے اور بایومیٹرک تصدیق کے نظام کو بہتر بنانے کا ایک جدید طریقہ ہے، جس کے تحت آنکھوں کے ذریعے شناخت کی تصدیق کی جاتی ہے۔نادرا کی جانب سے جاری آگاہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ اپنی شناختی معلومات کو محفوظ بنانے کے لئے یہ سہولت ملک بھر میں نادرا کے تمام دفاتر میں دستیاب ہے اور تمام شہری اس سے مفت فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ نادرا کا کہنا ہے کہ تمام شہری آج ہی تین سال اور زائد عمر کے بچوں کے ہمراہ قریبی نادرا دفتر تشریف لائیں اور مفت’آئرس اسکین‘ کرائیں۔ نادرا کی جانب سے جاری آگاہی پیغام کے مطابق شہری اپنی شناختی معلومات کو مزید محفوظ بنانے کے لیے آئرس اسکین کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ادارے نے والدین کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ 3 سال یا اس سے زائد عمر کے بچوں کو اپنے ساتھ نادرا دفتر لے جائیں تاکہ ان کا بھی آئرس اسکین کرایا جا سکے۔ نادرا کا کہنا ہے کہ آئرس اسکین کی سہولت ملک بھر میں اس کے تمام رجسٹریشن مراکز میں بلا معاوضہ دستیاب ہے اور اس کا مقصد شہریوں کی بائیومیٹرک شناخت کو مزید محفوظ اور مستحکم بنانا ہے۔ادارے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مفت سہولت سے بروقت فائدہ اٹھائیں تاکہ مستقبل میں شناختی تصدیق کے عمل کو مزید آسان، محفوظ اور موثر بنایا جا سکے۔