مری(نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدرنواز شریف کی زیر صدارت مری میں اعلی سطح کے پارٹی اجلاس میں آزاد کشمیر حکومت سازی پر غور کیا گیا،وزیراعظم کے عہدے کےلئے شاہ غلام قادر مضبوط امیدوار کے طورپرسامنے آئے ہیں،حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
تفصیل کے مطابق صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کی زیرِ صدارت مری کے گورنمنٹ ہاﺅس میں اعلی سطح اجلاس منعقدہوا ۔جس میں وزیراعظم شہبازشریف ، وزیراعلی پنجاب مریم نواز،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور اہم وفاقی وزرا بھی شریک ہوئے جبکہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب اراکین قانون سازاسمبلی بھی شریک ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا، جبکہ آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور وزیراعظم کے امیدوار کے ناموں پر مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر کے عہدے کیلئے نام سامنے آگئے ہیں ، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر وزارت عظمی کے مضبوط ترین امیدوار ہیں، طارق فاروق، کرنل (ر) وقار اور راجہ فاروق حیدر بھی دوڑ میں شامل ہیں تاہم حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم کے لیے فیصلے کا اختیار نواز شریف کو دیا ہے ۔
قبل ازیں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی مخصوص نشستوں کے لئے امیدواروں کی فہرست نو از شریف کو ارسال کی گئی، فہرست میں خواتین کی نشستوں کے لیے ماریہ اقبال ترانہ، ناصرہ خان، مریم کشمیری، نثارہ عباسی اور سحرش قمر کے نام شامل ہیں۔ٹیکنوکریٹ کی نشست پر راجہ شاداب سکندر، علما و مشائخ کی نشست پر پیر مظہر سعید، اوورسیز کی مخصوص نشست کے لیے راجہ محمد جاوید کا نام فائنل ہونے کا امکان ہے۔ ان افراد کی حتمی منظوری مسلم لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف دیں گے۔ ا جلاس میں آزاد کشمیر کے نو منتخب اراکین کو مبارکباد دی گئی اور ان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔اجلاس ختم ہونے کے بعد نوازشریف اور مریم نواز کشمیر پوائنٹ مری میں اپنی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ۔