وزیراعلی بلوچستان

وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے مسلم لیگ ن کے صوبائی وزیر عبدالرحمان کیتھران کو برطرف کر دیا

کوئٹہ(نیوز ڈیسک ) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کو برطرف کر دیا ۔میڈیارپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع نے کو تصدیق کی ہے کہ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن)(ایس اینڈ جی اے ڈی)نے گورنر بلوچستان کی منظوری کے بعد برطرفی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعلی بلوچستان نے دو روز قبل آئین کے آرٹیکل 132 کی ذیلی شق 3 کے تحت سردار عبدالرحمان کھیتران کی برطرفی کی سمری منظوریکےلئے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کو ارسال کی تھی۔

منظوری ملنے کے بعد محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے انہیں وزارت سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔سردار عبدالرحمان کھیتران کے پاس محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا قلمدان تھا۔ رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی میر سرفراز بگٹی اور سردار عبدالرحمان کھیتران کے درمیان پچھلے کچھ عرصے سے مختلف سیاسی اور انتظامی معاملات پر اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے۔سردار عبدالرحمان کھیتران نے نئے اضلاع اور ڈویژنوں کے قیام سے متعلق فیصلوں خصوصا ویسٹ ڈیرہ بگٹی، کوہلو اور بارکھان کے اضلاع پر مشتمل نئے تشکیل دئیے گئے کوہ سلیمان ڈویژن کے نام پر اعتراض اٹھایا تھا۔یاد رہے کہ وزیراعلی نے چند ماہ قبل ڈیرہ بگٹی کو تقسیم کر کے اپنے آبائی علاقے بیکڑ کو ویسٹ ڈیرہ بگٹی کے نام سے نئے ضلع کا درجہ دیا تھا۔

سردار عبدالرحمان کھیتران نے اپنے آبائی ضلع بارکھان کے بعض علاقوں کو ویسٹ ڈیرہ بگٹی میں شامل کیے جانے کی بھی مخالفت کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق رابطہ کرنے پر سردار عبدالرحمان کھیتران نے برطرفی کے معاملے پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ میں اس وقت یورپی ملک یونان کی سیر سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن واپسی پر وہ اس حوالے سے بات کریں گے۔پیپلز پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملہ حالیہ دنوں میں اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت کے درمیان ہونے والے مشاورتی اجلاس میں بھی زیر بحث آیا تھا جس کے بعد وزیراعلی بلوچستان نے دونوں جماعتوں کی اہم سیاسی شخصیات کو اعتماد میں لے کر سردار عبدالرحمان کھیتران کو کابینہ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں