لاہور(نیوز ڈیسک)ترجمان پاکستان تحریک انصاف بریگیڈئیر (ر)مشتاق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی لاہور میں غیر ملکی خواتین کے ہولناک اغوا، بھتہ خوری اور ان پر وحشیانہ جنسی و جسمانی تشدد کے واقعے پر شدید غم و غصے اور سخت ترین مذمت کا اظہار کرتی ہے۔
جاری بیان کے مطابق بریگیڈئیر (ر)مشتاق کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا شرمناک اور دل ہلا دینے والا سکینڈل ہے جس میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا نواسہ رضا ڈار براہِ راست نامزد اور ملوث ہے، یہ افسوسناک واقعہ اب محض ایک عام مجرمانہ کیس نہیں رہا، بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے بین الاقوامی تشخص، سفارتی ساکھ اور قومی وقار کا ایک حساس ترین معاملہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اس معاملے پر کسی بھی قسم کی سیاسی پردہ پوشی، عدلیہ کو ہراساں کرنے کی کوششوں اور اشرافیہ کو بچانے کے روایتی ہتھکنڈوں کو یکسر مسترد کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ملک کی رسوائی کا باعث بننے والے اس سکینڈل کے بعد پاکستان اشرافیہ کی جانب سے کی جانے والی کسی بھی پردہ پوشی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
سیاسی اثر و رسوخ سے مکمل طور پر پاک اور منصفانہ انکوائری کو یقینی بنانے کے لیے پی ٹی آئی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے فوری استعفے کا مطالبہ کرتی ہے۔