وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم کا بیجنگ میں آئی بی آئی کارپوریشن کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ

بیجنگ (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں آئی بی آئی کارپوریشن کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک چین اقتصادی اور تکنیکی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، اور کاروباری برادریوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی کمپنیوں کو اپنے کاروبار کے فروغ اور توسیع کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور تکنیکی روابط کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ انہیں چند ہفتے قبل اسلام آباد میں آئی بی آئی کے وفد کی میزبانی کرکے خوشی ہوئی تھی اور پاکستان میں کمپنی کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ChinaPakistan Economic Corridor 2.0 کے تحت مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی حکومت کی چار اہم ترجیحات میں شامل ہیں، جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔

تقریب میں موجود نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو فنی تربیت اور مختلف شعبوں میں مہارتیں فراہم کرنے کے لیے وسیع اقدامات کر رہی ہے، کیونکہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک 2.0 کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ چینی سرمایہ کاروں کو کراچی میں پورٹ قاسم کے قریب قائم پہلے خصوصی اقتصادی زون کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم کے مطابق یہ منصوبہ 6 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر محیط ہوگا جہاں جدید بنیادی ڈھانچہ اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اس سے قبل آئی بی آئی کارپوریشن پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال فینگتائی ڈسٹرکٹ کے پارٹی سیکریٹری Wang Shaofeng اور آئی بی آئی کے صدر Qian Xiaojun نے کیا۔چین پاکستان صنعتی تعاون اور سرحد پار صنعتی راہداریوں سے متعلق موضوعاتی اجلاس میں 150 سے زائد کمپنیوں اور ان کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں