اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ دورے پر کل (ہفتہ کو) چین روانہ ہوں گے، جہاں وہ پاک چین 75 سالہ تعلقات کی تکمیل کے تناظر میں کانفرنس میں شرکت کریں گے۔دفترِ خارجہ کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف 23 سے 26 مئی تک چین کا اہم سرکاری دورہ کریں گے، جہاں وہ چینی قیادت سے ملاقاتیں کر کے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔ رپورٹ کے مطابق اس دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین سدابہار اسٹریٹیجک شراکت داری، سی پیک کے دوسرے مرحلے اور تجارتی روابط کو نئی بلندیوں پر لے جانا ہے ۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف بیجنگ اور ہینگجو (صوبہ ژی جیانگ) کا دورہ کریں گے ، جہاں وزیراعظم بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ اور اپنے چینی ہم منصب لی چیانگ سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔وزیراعظم پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کے تناظر میں منعقدہ خصوصی کانفرنس اور تقریب میں شرکت کریں گے۔اس کے علاوہ وزیراعظم دورے کے دوران مشہور چینی کمپنی علی بابا کے سربراہ سے بھی خصوصی ملاقات کریں گے۔
اس دورے کا ایک اہم ترین پہلو معاشی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ دورے کے دوران ایک بڑی بزنس ٹو بزنس کانفرنس منعقد ہوگی جس میں پاکستان سے 80 سے زائد مایہ ناز کاروباری شخصیات اور کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔اس کانفرنس کے دوران دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے کئی اہم معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔سیاسی ماہرین کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ نئے دور میں دونوں ممالک کے مشترکہ مستقبل کو ایک نئی سمت فراہم کرے گا اور اس سے پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔