احسن اقبال

آئندہ بجٹ میں ٹیکس شرح کم کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں ، احسن اقبال

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس کی شرح کم کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں تاکہ عوام، خصوصا تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ موجودہ ٹیکس نظام کے باعث تنخواہ دار طبقے پر مالی بوجھ کافی حد تک بڑھ چکا ہے، اسی لیے حکومت بجٹ میں ممکنہ حد تک ٹیکسوں میں کمی کے لیے آئی ایم ایف سے مذاکرات کررہی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کو اس بات کا احساس ہے کہ زیادہ ٹیکس شرح کے باعث معاشی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، اس لیے آئندہ بجٹ میں کاروباری ماحول کو سازگار بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

زراعت اور ٹیکنالوجی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں زرعی شعبے کی ترقی اور ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے گا۔اس کے علاوہ آئی ٹی ایکسپورٹس کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کیے جائیں گے، برآمد کنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور رعایتیں دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وفاقی وز یر نے کہا مختلف وزارتوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے تقریبا 3 ہزار ارب روپے کے فنڈز طلب کیے ہیں، تاہم آئندہ مالی سال کا ترقیاتی بجٹ تقریبا 1125 ارب روپے تک محدود رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محدود وسائل کے باعث ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات ازسرنو طے کرنا ہوں گی، جبکہ آئی ایم ایف کی خواہش ہے کہ صوبائی نوعیت کے منصوبوں کو صوبائی ترقیاتی بجٹ سے فنڈ کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں