یوسف رضاگیلانی

حکومت ملک میں تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے ساتھ مل کر موثر اقدامات کر رہی ہے، یوسف رضاگیلانی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کےلئے تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے ساتھ مل کر موثر اقدامات کر رہی ہے، جبکہ سیاسی و عسکری قیادت قومی، علاقائی اور عالمی سطح پر قیامِ امن کے لیے ذمہ دارانہ اور فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

وہ اسلام آباد کے سیکٹر ای۔11 گولڑہ شریف میں امتیاز گروپ کی 33ویں برانچ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ و گورنر خیبر پختونخوا مہتاب عباسی، سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی سابق منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال زمرد خان سابق سینیٹر تنویر احمد خان دیگر ارکانِ پارلیمنٹ، کاروباری شخصیات، سماجی حلقوں اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

چیئرمین سینیٹ نے امتیاز گروپ کے چیئرمین امتیاز حسین ان کے دونوں صاحبزادوں،ان کے خاندان اور انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امتیاز گروپ ملک میں جدید اور منظم تجارتی نظام کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے نہ صرف قومی معیشت کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ عوام کو معیاری اور مناسب قیمت پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے ذریعے حقیقی معنوں میں ریلیف بھی فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں قائم کیا گیا یہ عالمی معیار کا سپر اسٹور اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی کاروباری ادارے بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امتیاز گروپ ملک کے 14 شہروں میں 33 شاخوں کے ذریعے ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے، جو ملکی معیشت، مقامی صنعت اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے نہایت خوش آئند ہے۔بعدازاں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت تاجروں، صنعتکاروں، سرمایہ کاروں اور ایوان ہائے تجارت کے نمائندوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی مختلف کمیٹیوں میں بھی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے مسائل کو سنجیدگی سے زیر غور لایا جاتا ہے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات غیر معمولی نوعیت کے ہیں اور مختلف ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث دنیا کو کئی چیلنجز درپیش ہیں، تاہم پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر قیامِ امن کے لیے سنجیدہ اور موثر کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات، سفارت کاری اور امن کے فروغ کا حامی رہا ہے اور اسی پالیسی کے تحت عالمی سطح پر کشیدگی کم کرنے کے لیے بھی مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کو امریکہ ایران کشیدگی میں کمی لانے اور انہیں مذاکرات کی میز پر لانے میں جو کردار ادا کیا اس پر خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستان کی قیادت نے اقوام عالم کو تیسری جنگ عظیم سے بچایا ہے جو قابل فخر اور ہماری سیاسی وعسکری قیادت کی قائدانہ صلاحیتوں کا عکاس ہے چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف، روزگار کے وسیع مواقع اور بہتر معاشی حالات فراہم کرنے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ شفافیت، معیار اور عوامی خدمت کو ترجیح دینے والے ادارے ملکی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین سینیٹ نے نئی شاخ کا دورہ کیا، انتظامات کو سراہا اور امتیاز گروپ کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمنا¶ں کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کا مقصد یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں اور عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ ریلیف فرام کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں