حافظ نعیم الرحمن

پیپلز پارٹی کی ذہنیت وڈیرہ و جاگیر دارانہ، جمہوریت سے کوئی واسطہ نہیں،حافظ نعیم الرحمن

کراچی(نیوز ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ”بدل دو نظام”تحریک اور نئی قیادت نیانظام ممبر شپ مہم کے سلسلے میں جوہر موڑ گلستان جوہر میں قائم کیمپ کے دورے کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی وڈیرہ شاہی وجاگیر دارانہ ذہنیت کی حامل پارٹی ہے

،جمہوریت اور عوام کی رائے سے اس کا کوئی واسطہ نہیں، 18سال سے سندھ پر مسلط اور کراچی کے اداروں ِ،اختیارات ووسائل پر قابض ہے،پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت آرٹیکل 140-Aکے تحت بلدیاتی اداروں کو نچلی سطح پر اختیارات ووسائل منتقل کرنے کو تیار نہیں،جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن چیئرمین اور بلدیاتی نمائندے اپنی دن رات کی محنت اور ٹاؤن کے وسائل سے عوامی خدمت وشہریوں کی فلاح وبہبود کے کاموں اور اپنے تعمیراتی وترقیاتی پروجیکٹ تیزی سے مکمل کرنے میں مصروف ہیں،

جماعت اسلامی نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک میں عوام کی آواز اور حقیقی ترجمان بنی ہے، ممبر شپ مہم پورے ملک میں تیزی سے جاری ہے، کراچی سمیت پورے ملک میں 50لاکھ نئے ممبران بنائے جائیں گے، عوام جماعت اسلامی کے ممبر اور دست وبازو بنیں،بدل دو نظام تحریک ملک پر مسلط وڈیروں،جاگیرداروں،بیوروکریسی اور طبقہ اشرافیہ کے گٹھ جوڑ سے نجات کی تحریک ہے، ملک اور قوم پر مسلط ٹولے کو عوام کے مسائل اور مشکلات سے کوئی سروکار نہیں، حکمران ٹولہ ہی ملک میں مہنگائی کرتا ہے، پیٹرول کی قیمتیں بڑھاتا ہے، اپنی عیاشیاں ختم نہیں کرتا، ممبر شپ کیمپ سے قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا، اس موقع پرسیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی،امیر ضلع شرقی نعیم اختر،ٹاؤن چیئرمین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد احمد، وائس چیئر مین ابراہیم صدیقی،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔ کیمپ میں عام شہریوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی،جن میں خواتین اور طالبات بھی شامل تھیں،جنہوں نے ممبر شپ فارم بھی بھرے اور بدل دونظام تحریک وجدوجہد کا حصہ بننے کا عزم کیا، شرکاء میں زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آیا،قبل ازیں حافظ نعیم الرحمن کے جوہر موڑ پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیاگیا،

پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ”حافظ،حافظ،تیزہو تیزہو جدوجہد تیزہو، حق دو کراچی کو”کے پرجوش نعرے لگائے گئے، حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور ذمہ داران پر زور دیا کہ ممبر شپ مہم کے سلسلے میں ہر سطح پر بھرپور عوامی رابطہ چلائی جائے۔عوام کی قوت او ر طاقت سے ہی ظالمانہ نظام کا خاتمہ ممکن ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اسلام آباد میں کراچی میں تعمیر وترقی کے حوالے سے پریزینٹیشن دیتی ہے اور بے وقوف بنانے کی کوشش کرتی ہے لیکن اہل کراچی جانتے ہیں کہ اس نے کراچی کو تباہ وبرباد کردیا ہے،

سندھ حکومت کا 98فیصد ریوینیو کراچی سے جنریٹ ہوتا ہے، لیکن کراچی کے عوام،تاجر اور صنعتکار بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں اور ن لیگ کو بھی کبھی کراچی کے عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں رہا ہے۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی لوگوں کو حق کی جانب دعوت دینے کاکام کررہی ہے،ہماری مہمات بھی خیر کے لیے ہوتی ہیں، ہم بنو قابل اور آغوش جیسے خیر کے کام بھی کرتے ہیں، ہماری حق دو کراچی تحریک اور جدوجہد عوام کے حقوق دلانے اور مسائل کے حل کی جدوجہد ہے، حکمران ٹولہ ہمارے حقوق او روسائل پر سانپ بن کر بیٹھا ہے، شہر میں عوام پانی،بجلی،گیس،ٹرانسپورٹ سمیت بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جماعت اسلامی کی ساری جدوجہد خیر اور حق کی طرف بلانے کی دعوت ہے، ممبر شپ مہم کے ذریعے نااہل اور کرپٹ حکمرانوں سے عوام کے حقوق چھین کررہیں گے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں