ہمایوں اختر خان

الیکشن کرائو ملک بچائو ساری قوم کا متفقہ مطالبہ ہے ، ہمایوں اختر خان

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان کی قیادت میں حلقہ این اے 123میں ” الیکشن کرائو ملک بچائو ” ریلی نکالی گئی ، سینکڑوں گاڑیاں شامل ہونے کی وجہ سے ریلی کئی کلو میٹر طویل ہو گئی جس میں حلقے سے تعلق رکھنے والے کارکنان اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی اور پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے جو سارے راستے جلد انتخابات کا مطالبہ اور پارٹی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔

ہمایوں اختر خان نے لالک جان چوک میں ریلی کے شرکاء سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں عوام نے باہر نکل کر ثابت کر دیا ہے کہ لاہور جاگ جارہا ہے اور جب لاہور جاگتا ہے تو پھر پورا پاکستان جاگتا ہے ۔ ہم دعوے سے کہہ سکتے ہیں کہ عمران خان کی لازوال جدوجہد سے عوام کو شعور ملا ہے اور آج کی تاریخی ریلی عوام کے شعور کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آج ساری قوم کا ایک ہی متفقہ مطالبہ ہے کہ الیکشن کرائو ملک بچائو ، آئینی طور پر جس ادارے کی الیکشن کرانا ذمہ داری ہے وہ اس مطالبے کو نظر انداز نہیں کر سکتا ،

صاف اور شفاف انتخابات کے بغیر ملک کو مسائل کی دلدل سے باہر نہیں نکالا جا سکتا ۔انہوںنے کہا کہ ریلی میں ہر طبقے اور ہر عمر کے افراد نے شرکت کی ،عوام نے اس حلقے کو تحریک انصاف کا گڑھ ثابت کر دیا ہے اور ان شا اللہ انتخابات میں بھی نتائج اس سے مختلف نہیں ہوںگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں