کراچی (نمائندہ خصوصی)ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد کوتباہ کن سیلاب کے دوران ان کی خدمات کے اعتراف میں میڈل اور شیلڈ سے نوازا گیا ۔گورنر سندھ محمدکامران خان ٹیسوری نے گورنر ہائوس سندھ میں انہیں شیلڈ اور میڈل پیش کیا۔ڈاکٹر مقصود احمد جو اس وقت سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے سربراہ ہیں کو آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ہدایت پرسندھ میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران فلڈ ریلیف آپریشنز کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا تھا۔ڈی آئی جی سیکیورٹی نے اس مشکل وقت کے دوران سیلاب کی امدادی سرگرمیوں کی کمانڈ کی۔ فلڈ ریلیف کیمپوں کا قیام، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راشن کی تقسیم، دادو اور کنڈیارو میں فری گرینڈ میڈیکل کیمپس کا انعقاد، فلاحی تنظیموں کو رضاکاروں اور سیکیورٹی کی فراہمی،
سیلاب متاثرین کے لیے رہائشی کیمپوں میں ناشتے کی تقسیم، سیلاب متاثرین کو اسٹیڈیم میں میچ دکھانے اور سیلاب متاثرین کی ان کے گھروں میں محفوظ واپسی ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد کی زیر نگرانی ریلیف آپریشن کے قابل ذکر اقدامات تھے۔ملاقات میں گورنر سندھ نے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پاکستان سپر لیگ کے میچز کے حوالے سے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ گورنر سندھ نے کراچی پولیس آفس پر حملے کے دوران پولیس اور رینجرز کے فوری ردعمل اور بہادری کو بھی سراہا۔