کوئٹہ( نیوز ڈیسک )وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پوری قوم کو یومِ آزادی مبارک ہو۔ یہ دن ہمارے لیے ہمیشہ اہمیت کا حامل رہے گا، کیونکہ طویل جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کے بعد ہمارے بزرگوں نے پاکستان حاصل کیا۔ پاکستان نے 79سال کے سفر میں دنیا میں اپنا نام بنایا ہے، جس پر ہمیں فخر ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ پورے صوبے میں یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ملکی قیادت اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شرپسندی کے راستے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، ریاست کے دروازے ہر اس شخص کے لیے کھلے ہیں جو مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنا چاہتا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری افواج ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گی۔ صوبائی حکومت نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری راستے پر لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے شہدا کے لواحقین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پیاروں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور قوم شہدا کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔