جشنِ آزادی

جشنِ آزادی کی آمد، ملک بھر میں جوش و خروش، شہریوں کا والہانہ اظہارِ محبت،محلوں کو جھنڈیوں اور روشنیوں سے سجا دیا گیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) جشنِ آزادی کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں حب الوطنی کا جذبہ عروج پر پہنچ گیا، شہری سبز ہلالی پرچم اور ملی نغموں کے ساتھ وطن سے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

شہر شہر سڑکوں، بازاروں اور گلی محلوں کو جھنڈیوں اور روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ بچوں اور نوجوانوں میں خاصا جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔یومِ آزادی کے موقع پر شہریوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی محبت ان کے دلوں میں رچی بسی ہے اور اس کا عشق ان کی رگوں میں خون بن کر دوڑتا ہے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین ان کے خوابوں کا چمن ہے، جسے بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا، اور اس کی قدر و حفاظت ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جیسا ملک دنیا میں منفرد ہے، جس کے قیام کے لئے ایک طویل اور کٹھن جدوجہد کی گئی اور وہ دعاگو ہیں کہ وطن ہمیشہ قائم و دائم اور ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔ شہریوں نے پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک کی خوشحالی اور استحکام کےلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں