سکیورٹی فورسز

آپریشن رد الفتنہ 3 ،بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے اہم سرغنہ سمیت 5 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی(نیوز ڈیسک )سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن رد الفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف موثر اور کامیاب کارروائیوں کے دوران پنجگور کے علاقے سرکینی، چھیدگی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس کے دوران فتنہ الہندوستان کے اہم سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت 5 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز اور بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد پنجگور میں مقامی تاجروں اور دیگر شہریوں سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا اور دہشت گردانہ کارروائی میں ملوث تھے، علاقے میں فتنہ الہندوستان کے ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز بلوچستان سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ناسور کے مکمل خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں۔

دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت پنجگور کے علاقے میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے سرغنہ سمیت 5 خوارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کر کے خوارجیوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان قوم کا سرمایہ افتخار ہیں، قوم کے بہادر سپوت بلوچستان سے دہشتگردوں کا خاتمہ کر رہے ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں