اسلام آباد(نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے عوام سےکل 7 اگست کو ملک گیر احتجاج میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کی نماز کے بعد شام 4 بجے سڑکوں پر نکلیں اور احتجاجا اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند کر دیں۔ ایک ویڈیو پیغام میںانہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور کھانے پینے کی اشیا پر بھاری ٹیکس عائد کر رکھے ہیں، جس کا بوجھ براہِ راست عام شہری پر پڑ رہا ہے، گزشتہ ایک ماہ کے دوران 27 اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ پیٹرول پر عائد ٹیکس کا بوجھ عام موٹر سائیکل سوار اور غریب عوام برداشت کر رہے ہیں، جبکہ حکمران مسلسل عوام پر مہنگائی کا دبا ﺅبڑھا رہے ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران حکومت نے لیوی کی مد میں تقریبا 1,900 ارب روپے وصول کیے، جبکہ عام آدمی، خواہ وہ باقاعدہ ٹیکس نیٹ میں شامل نہ بھی ہو، مختلف بالواسطہ ٹیکسوں کے ذریعے حکومت کو ادائیگیاں کر رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جس طرح عوام نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا تھا، اسی طرح اب بھی منظم انداز میں باہر نکلنے کی ضرورت ہے، اگر عوام نے آواز بلند نہ کی تو مزید لیوی اور ٹیکس عائد کیے جا سکتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اشرافیہ کی مراعات برقرار ہیں جبکہ مہنگائی اور ٹیکسوں کا بوجھ غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔