اسلام آباد(نیوز ڈیسک)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ 5 اگست کشمیریوں کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، تاہم کوئی طاقت کشمیری عوام کی شناخت اورحقِ خودارادیت کو ختم نہیں کر سکتی۔ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر کی تحریکِ آزادی اپنی منزل کے حصول تک جاری رہے گا،
بھارتی جیلوں میں حریت قیادت کے ساتھ ہونے والے مظالم تاریخ کا سیاہ باب ہیں اور عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔مشعال ملک نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت فراہم کرنے کےلئے موثر اقدامات کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ کشمیر صرف کشمیریوں کا ہے اور دنیا کو کشمیری عوام کی آواز سننی چاہیے۔
مشعال ملک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری تارکین وطن ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔