اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا ہے کہ ہمارے لئے الٹی اور سیدھی گنتی مسئلہ نہیں ہے، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن اصل اور دائمی حکمرانی صرف اللہ تعالی کی ہے۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ ہمارےلئے اقتدار کی الٹی اور سیدھی گنتی کوئی مسئلہ نہیں ہے، کیونکہ ہم اچھے اور برے ہر وقت میں ملک کے 24 کروڑ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سینیٹر افنان اللہ نے دعوی کیا کہ کارکردگی کے میدان میں ہمارا کوئی مقابلہ نہیں ہے اور وزیراعلی پنجاب کی پرفارمنس کے تو کوئی قریب بھی نہیں آتا۔انہوں نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف صرف بیانیہ بیانیہ کھیلتی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے پاس پرفارمنس نام کی کوئی چیز نہیں ہے، اور اگر کسی کو یقین نہیں آتا تو وہ جا کر کراچی کا حشر دیکھ لے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی صرف خالی الزامات لگا کر لوگوں کو جھوٹی تسلیاں دینا چاہتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی کارکردگی صفر ہے اسی وجہ سے انہیں عوام کا ووٹ نہیں پڑا۔
کراچی میں یونیورسٹی روڈ تک ٹھیک نہیں ہو رہی اور گزشتہ 3 سال سے بنائی جانے والی میٹرو بس اب تک نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا کراچی پیسے دے کر پانی خریدنے پر مجبور ہے اور شہر کے خستہ حال سڑکوں کے گڑھوں میں گر کر لوگ مر رہے ہیں۔سینیٹر افنان اللہ نے پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ “آپ چلے تھے کشمیر فتح کرنے، ادھر آپ کے ساتھ وہی ہونا تھا جو ہوا ہے۔