خودکش دھماکے

وفاقی وزرا کی سوات میں خودکش دھماکے کی مذمت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) وفاقی وزرا شزہ فاطمہ خواجہ اور حنیف عباسی نے سوات کے علاقے کبل میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے مذمتی بیان میں وفاقی وزیرآئی ٹی شزہ فاطمہ نے دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے غم اور افسوس کا اظہار کیا، شزہ فاطمہ خواجہ نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، وفاقی وزیر نے شہدا کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندانوں کے لئے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

شزا فاطمہ خواجہ نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے دعا کی، وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، ملک سے اس ناسور کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ دریں اثنا وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے سوات کے علاقے کبل میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

حنیف عباسی نے نے شہدا کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لئے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کے لئے دعا کی۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر انسانیت کے دشمن ہیں، قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری ملک کے امن کی ضمانت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں