اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں نئے انتظامی یونٹس کا قیام اس لئے بھی اہم ہے تاکہ سیاسی طاقت دو تین خاندانوں سے نکل کر عوام کے ہاتھ میں منتقل ہو سکے،شہبازشریف استعفی دے کر بڑی اصلاحات کیلئے راستہ ہموار کریں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس بننا اس لئے بھی اہم ہے کہ سیاسی طاقت دو تین خاندانوں سے نکل کر عوام کے ہاتھ میں جائےگی، پاکستان میں جمہوریت کے راستے میں ایک بڑی رکاوٹ سیاسی جماعتوں کا کوئی سٹرکچر نہ ہونا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب 15 یا 17 وزرا اعلی ہوں گے تو سیاسی جماعتیں ایک سٹرکچر میں جمہوری ہوں گی، کسی ایک کیلئے فیصلے مشکل ہوں گے، اس لیے میری ذاتی رائے میں نئے انتظامی یونٹس بننا اہم ترین ریفارم ہے لیکن اس کیلئے لازمی طور پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا، کیوں کہ یہ صرف ایک قومی حکومت کے تحت گرینڈ ڈائیلاگ کے ذریعے ممکن ہے۔ فوادچوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف استعفی دے کر ان بڑی اصلاحات کیلئے راستہ ہموار کریں، ویسے بھی اپنے ہی وزرا کے توہین آمیز بیانات کے بعد ان کی حیثیت ایک ڈمی وزیر اعظم سے زیادہ نہیں رہی۔