مریم نواز

ستھرا پنجاب کے بعد اب ہر گھر تک پہنچے گا صاف پانی، مریم نواز کا بڑا منصوبہ،پانچ روز کے اندر صوبہ بھر میں صاف پانی کی فراہمی کا فول پروف پلان طلب

لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے جامع اور جدید منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے پانچ روز کے اندر صوبہ بھر میں صاف پانی کی فراہمی کا فول پروف پلان طلب کر لیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ’ستھرا پنجاب‘ کی طرز پر صاف پانی اتھارٹی کو ازسرنو منظم اور مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا، جبکہ ادارے کو تکنیکی اور انتظامی اعتبار سے بااختیار بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، ضروری ہیومن ریسورس اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔مریم نواز شریف نے کہا کہ صاف پانی کا منصوبہ ان کے دل کے انتہائی قریب ہے، اس میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی حکومت کی سب سے اہم ترجیحات میں شامل ہے۔اجلاس میں پنجاب بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے انٹرنیشنل کنسلٹنسی کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ جدید ترین جاپانی اور چینی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔منصوبے کے تحت علاقائی ضروریات کے مطابق آر او پلانٹس اور جدید فلٹریشن سسٹمز نصب کیے جائیں گے۔

صوبے میں موجود فلٹریشن پلانٹس اور آر او پلانٹس پر پلانٹ آئی ڈی، آپریٹر کا نام، فون نمبر اور اوقاتِ کار نمایاں کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔اجلاس میں دور دراز علاقوں کے لیے موبائل بوٹلنگ پلانٹس کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ ریموٹ ایریاز میں فعال بوٹلنگ پلانٹس سے روزانہ 2 ہزار 400 سے زائد خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے تمام ٹرکوں اور پلانٹس کی مو¿ثر مانیٹرنگ کا حکم دیتے ہوئے صوبے بھر میں موجود 5 ہزار 734 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمت اور نگہداشت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ضرورت کے مطابق مزید پلانٹس لگانے کا بھی حکم دیا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع اور تحصیلوں تک پھیلایا جائے گا تاکہ ہر شہری کو صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں