اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کےلئے پار آف اٹارنی اور جائیداد کی خرید و فروخت کا نظام اور دستاویزات کے تصدیقی عمل کو آسان بنانے کے لیے کیو-آر کوڈ متعارف کروایا جا چکا ہے۔
وزیر اعظم کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کےلئے سفارتخانوں میں سہولیات میں اضافے، دستاویزات کے تصدیقی عمل کی ڈیجیٹائیزیشن، شکایات کے عمل کو مزید سہل بنانے اور بیرون ملک سے پاکستان میں مختلف کاموں و ادائیگیوں کےلئے ڈیجیٹل نظام کے حوالے سے وزارت خارجہ نے بریفنگ دی۔ اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں وزارت خارجہ، مختلف ممالک میں پاکستان کے سفرا، وزارت داخلہ، ایف آئی اے وزارت آئی ٹی اور متعلقہ اعلی حکام نے وزیراعظم کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کیو-آر کوڈ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے اندراج کی ڈیجیٹائیزیشن خوش آئند ہے، سفارتخانوں میں اسے آویزاں کرکے رسائی میں اضافہ کیا جائے۔
کیو-آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج کے حوالے سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خصوصی آگہی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس نظام کے ذریعے شکایات کا اندراج کرواسکیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے وزارت خارجہ کے دفتر اسلام آباد میں شام کی شفٹ کا حال ہی میں آغاز کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح دستاویزات کی تصدیق کی سہولت کو آسان خدمت مرکز اسلام آباد میں بھی متعارف کروایا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ کورئیر کے ذریعے تصدیقی عمل متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن، نادرا اور نیشنل پولیس بیورو کے ڈیٹابیس سے منسلک کیا جا چکا ہے جس سے تصدیقی عمل مزید تیز ہوا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ تصدیقی عمل کو ون-اسٹپ کردیا گیا ہے۔ آئندہ مرحلے میں اس پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اس حوالے سے این آئی ٹی بی کے تعاون سے موبائل ایپلی کیشن تیار کی جاری ہے۔ جس میں برتھ/ڈیتھ سرٹیفیکیٹ، میرج رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ وغیرہ جیسے دستاویز کی بھی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے تصدیق ممکن ہوگی۔اجلاس میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارنہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت عون چوہدری، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔