لاہور(نیوز ڈیسک )وزیرِاعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کےلئے آن گراﺅنڈ واٹر باڈیز کا پلان طلب کر لیا۔وزیرِاعلی پنجاب کی زیرِ صدارت ٹرانسفارمیشن آف ایگریکلچر اور واٹر مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب میں پانی کی بچت اور گراﺅنڈ واٹر مینجمنٹ پر رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ سمجھدار قوم وہی ہوتی ہے جو پانی کے ایک ایک قطرے کو محفوظ بناتی ہے، اس موقع پر انہوں نے پوٹھوہار کے بارانی پانی کو ذخیرہ کرنے کےلئے 3 سالوں میں 800 مزید مینی ڈیمز بنانے کی منظوری بھی دی اور کہا کہ پوٹھوہار میں 800 نئے مینی ڈیمز کے قیام سے 32 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت پیدا ہوگی۔
اجلاس میں زیرِ زمین پانی کی مینجمنٹ کےلئے موجودہ قانونی فریم ورک کو مزید موثر بنانے کی ہدایت بھی کی گئی، جبکہ واٹر کنزرویشن اور پانی کی مثر مانیٹرنگ کےلئے خصوصی ہیومن ریسورس(ایچ آر)سٹاف تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے محکمہ زراعت، آبپاشی، ہاسنگ اور لوکل گورنمنٹ کو پانی کی بچت کےلئے یکجا ہو کر کام کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ جاری مالی سال میں کسانوں کو 50 فیصد سبسڈی پر 1,000 نئے لیزر لینڈ لیولرز فراہم کیے جائیں گے۔اجلاس کے دوران صوبے میں کھاد کی مجموعی صورتحال اور فراہمی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں اٹک، تلہ گنگ، گوجر خان اور راولپنڈی میں نئے تعمیر کردہ منی ڈیمز کے تصویری شواہد بھی پیش کیے گئے۔