لاہور(نیوز ڈیسک)چیئرمین پاکستان علما کونسل مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں،جو شخص بھی پیغامِ پاکستان کی خلاف ورزی کرے گا، ہم اس کے پشت پر کھڑے نہیں ہوں گے۔علما و مشائخ کانفرنس کے اعلامیے میں علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ہم ہر قسم کی دہشت گردی، انتہا پسندی اور خودکش حملوں کی دوٹوک الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
وطن کا دفاع کرنے والوں اور شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، ہمارے شہدا ہمارے سر کا تاج ہیں اور ہم ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص بھی پیغامِ پاکستان کی خلاف ورزی کرے گا، ہم اس کے پشت پر کھڑے نہیں ہوں گے۔ سوشل میڈیا کے حوالے سے بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ اس پر قابو پایا جائے۔ گزشتہ دنوں ایک ٹی وی پر جو دکھایا گیا، اس پر ملکی ادارے حرکت میں آئے اور کارروائی کی۔
ہمارے آٹھ ہزار علما شہید ہو چکے ہیں۔مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ اس فوج کے سپہ سالار نے امت کو لڑائی سے بچایا۔ اسرائیل کیا چاہتا ہے، آپ کو معلوم ہے، اس جنگ سے بچانے والے ہمارے سپہ سالار اور وزیراعظم ہیں۔ مدارس کے مسائل کے حل کےلئے دن رات کوشش کر رہے ہیں، میں خود ایک دینی مدرسے کا طالب علم ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے امن کی خاطر جہاں جانا پڑا جائیں گے، تمام اکابرین امن کے لئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے، اور اگر ہمارے لوگ اور ملک امن و امان کی طرف آ جائیں تو ہم ہر جگہ جانے کے لیے تیار ہیں۔