لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں ہمارے ساتھ دھاندلی کی گئی، ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی جاتی رہیں، الیکشن کمیشن وہاں پر الیکشن ایجنٹ کا کردار ادا کرتا رہا، آپ نے تو دھاندلی کی نئی مثال قائم کردی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا نام لیے بغیر حسن مرتضی کا کہنا تھا آپ کے والد کشمیر میں جا کر کہہ رہے ہیں مجھے وزیراعظم بنا دیا جائے، آج اگر آپ کشمیر جاکر وزیراعظم کا مطالبہ کرتے ہیں تو یہ پیپلزپارٹی کی بدولت ہے۔ ان کا کہنا تھا ہم نواز شریف کی بہت عزت اور قدر کرتے ہیں، اگر کوئی نواز شریف کی قدر کم کرتا ہے تو ہم اس کو کم عقل کہتے ہیں، نواز شریف آپ سے کشمیر کی وزرات عظمی مانگ رہے ہیں، آپ نواز شریف کو لاہور کے ایک ادارے کا چیئرمین بنا رہے ہیں، نواز شریف کی قدر ہم نے نہیں آپ نے کم کی ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا آپ نے تو لوگوں سے جینے کا حق بھی ان سے چھین لیا ہے، شاہدرہ سے لے کر مرید کے تک ہزاروں ایکڑ فصلیں زیر آب ہے، فصلوں میں دس دس فٹ پانی کھڑا ہے، یہ کوئی سیلاب نہیں آیا ہے بلکہ نالے کا بند ٹوٹا ہے۔ان کا کہنا تھا آپ لاہور کو ماڈل بنا کر پیش کرتے ہیں، چند گھنٹوں کی بارش کے بعد لاہور کی سڑکیں نالوں کا منظر پیش کرتی ہیں، آپ کے غلط فیصلوں کی وجہ سے پوری قوم مصیبت میں ہے، آج آپ 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم امپورٹ کررہے ہیں جس کی مالیت 10 کھرب بنتی ہے، آپ ہم سے جو جگا ٹیکس لیتے ہیں وہ ہمیں سہولیات دینے کا لیتے ہیں، آپ کا فرض ہے کہ آپ ہمیں سہولیات دیں۔