کیپٹن محمد سرور شہید

کیپٹن محمد سرور شہید کا 78واں یوم شہادت،پاک فوج، صدر، وزیراعظم کا خراجِ عقیدت

راولپنڈی(نیوز ڈیسک) 1948 میں کشمیرکےلئے پہلی جنگ کے دوران شہادت پانے والے کیپٹن محمد سرور شہید کا 78 واں یوم شہادت پیر کو عقیدت واحترام سے منایا گیا۔کیپٹن محمد سرور شہید (نشانِ حیدر) کے یومِ شہادت کے موقع پر ان کے مزار پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک فوج کے افسران اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل محمد عاصم نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے کیپٹن محمد سرور شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ وطنِ عزیز کے دفاع کے لئے ان کی خدمات اور لازوال قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

27 جولائی 1948 کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران آزاد کشمیر کے علاقے تل پترا میں کیپٹن محمد سرور شہید نے کشمیر کی آزادی کیلئے فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا اور پاکستان کے پہلے نشان حیدر حاصل کرنے والے عظیم سپوت بنے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) سے جاری بیان کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید نے اپنے جوانوں کی قیادت اگلے مورچوں سے کرتے ہوئے غیر معمولی بہادری، شاندار عسکری حکمت عملی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی لازوال قربانی جرات، استقامت اور وطن سے بے لوث وابستگی کی ہمیشہ زندہ رہنے والی علامت ہے، پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ان کی عظیم میراث کو انتہائی احترام اور عقیدت کے ساتھ سلام پیش کرتے ہیں۔

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت پاکستان کی مسلح افواج نے کیپٹن محمد سرور شہید (نشان حیدر) کے 78ویں یوم شہادت پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے اور ان کی مادر وطن کے لئے قربانی کو ایک مثال قرار دیا ہے۔ دریں ا ثنا صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کیپٹن محمد سرور شہید(نشان حیدر )کے 78 ویں یوم شہادت پر انہیں پوری قوم کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے آزادی کشمیر کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے فرض، شجاعت اور حب الوطنی کی لازوال مثال قائم کی۔صدرِ پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلا نشانِ حیدر حاصل کرنے والے کیپٹن محمد سرور شہید نے قومی تاریخ میں ایسا باب رقم کیا جسے آنے والی نسلیں ہمیشہ احترام اور فخر کے ساتھ یاد کرتی رہیں گی، پاکستان کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم وطن کے دفاع کے لیے ان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، کیپٹن محمد سرور شہید نے آزادی کشمیر کی پہلی جنگ 27 جولائی 1948 کے دوران دشمن کا مثالی دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیپٹن محمد سرور شہید وہ پہلے پاکستانی ہیں جن کو مادر وطن کی خاطر قربانی کے اعزاز میں نشان حیدر سے نوازا گیا، انہوں نے محاذ جنگ پر فرض شناسی، شجاعت، بہادری اور بہترین پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید جیسے بہادر سپوت ہمارا فخر اور پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت ہیں، انکی لازوال قربانی آنے والی نسلوں کےلئے بھی مشعل راہ ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے محاذِ جنگ پر فرض شناسی، شجاعت، بہادری اور بہترین پیشہ ورانہ حکمتِ عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسی تاریخ رقم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، کیپٹن محمد سرور شہید جیسے بہادر سپوت قوم کا فخر اور پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی ضمانت ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں