کراچی (نیوز ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر انتخابات میں وفاقی مداخلت اور سرکاری وسائل کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے رانا ثنا اللہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پہلے دن سے مطالبہ کر رہی ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات مکمل طور پر آزاد، منصفانہ اور شفاف انداز میں کرائے جائیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت یا اس کی مشینری کسی بھی قسم کی مداخلت سے گریز کرے، وفاقی حکومت کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات، سرکاری وسائل کے استعمال پر تحفظات ہیں، جبکہ وفاقی وزرا پولنگ کے روز بھی مختلف سرکاری ریسٹ ہاسز اور سرکاری مقامات پر موجود ہیں۔ندیم افضل چن نے بتایا کہ پیپلز پارٹی متعدد بار الیکشن کمیشن کو خطوط لکھ چکی ہے، خطوط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ انتخابی عمل کو ہر قسم کے اثر و رسوخ سے پاک رکھا جائے اور سرکاری وسائل کے استعمال کو فوری طور پر روکا جائے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ رانا ثنا اللہ کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، جس پولنگ سٹیشن پر اعتراضات کیے جا رہے ہیں، وہاں تعینات پولنگ سٹاف خود ایک پی ٹی آئی کارکن کے گھر پر مقیم تھا۔ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے حقائق کو سامنے رکھا جائے، اگر کسی جماعت کو عوامی حمایت پر یقین ہے تو اسے انتخابی میدان میں مقابلہ کرنا چاہیے، پاکستان پیپلز پارٹی کا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ انتخابات صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں، جبکہ پیپلز پارٹی کسی بھی صورت انتخابی دھاندلی برداشت نہیں کرے گی۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو آزادانہ طور پر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے دینا چاہیے، آزاد کشمیر کے عوام اپنی مرضی اور شعور کے مطابق درست فیصلہ کریں گے۔