وفاقی وزیر تجارت

عالمی کمپنیوں کیساتھ تعاون سے سرمایہ کاری، روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا، وفاقی وزیر تجارت

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری، روزگار اور برآمدات کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے سام سنگ کے وفد نے ملاقات کی۔

جس میں پاکستان کو موبائل فونز کی مینوفیکچرنگ اور برآمدی مرکز بنانے پر زور دیا۔جام کمال خان نے سام سنگ کو پاکستان میں تیار ہونے والے موبائل فونز افریقہ سمیت عالمی منڈیوں میں برآمد کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت برآمدات، ویلیو ایڈیشن اور صنعتی سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو صرف مقامی مارکیٹ تک محدود رہنے کے بجائے عالمی سپلائی چین کا اہم حصہ بننا ہو گا۔وفاقی وزیر نے سام سنگ کی جانب سے پاکستان میں سرٹیفائیڈ موبائل فون ریفربشمنٹ مراکز قائم کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس صنعت سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

جبکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور برآمدات میں بھی اضافہ ممکن ہو گا۔اس موقع پر سام سنگ کے وفد نے مقامی موبائل مینوفیکچرنگ کے حوالے سے ٹیکس اور ٹیرف ڈھانچے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور موقف اختیار کیا کہ استعمال شدہ موبائل فونز کی کمرشل درآمد مقامی صنعت کو متاثر کر رہی ہے۔وفد نے تجویز دی کہ استعمال شدہ فونز درآمد کرنے کے بجائے پاکستان میں سرٹیفائیڈ ریفربشمنٹ ماڈل متعارف کرایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں