شیخ وقاص اکرم

مودی جیسے گھٹیا اور بزدل دشمن کی یہ اوقات ہی نہیں کہ وہ پاکستان کو فکس کرسکے،شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ مودی جیسے گھٹیا اور بزدل دشمن کی یہ اوقات ہی نہیں کہ وہ پاکستان کو فکس کرسکے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی جانب سے معرکہ حق اور پاک فوج سے متعلق دئیے گئے متنازع بیان پر انہوں نے اپنا ردعمل دینے سے انکار کردیا۔ایک انٹرویو میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ نورین نیازی میری بڑی بہنوں کی طرح ہیں پچھلی بار ایک بیان کے ردعمل میں ہی کچھ تلخیاں پیدا ہوگئی تھیں لہذا اب احتیاطا کچھ نہیں کہہ سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے صرف اپنے لیڈر عمران خان کا بیان اہمیت رکھتا ہے کسی بھی معاملے پر اگر بانی پی ٹی آئی کا بیان آجائے تو کسی کے بیان کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہتی۔میں سمجھتا ہوں کہ عمران خان کے پاک فوج سے متعلق تمام بیانات ریکارڈ پر ہیں اس کے بعد کسی قسم کے تنازعے میں پڑنے کی ضرورت ہی نہیں نورین نیازی اپنے بیان کی خود ذمہ دار ہیں۔

علیمہ خان کی جانب سے5 اگست کے احتجاج سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شیخ وقاص نے بتایا کہ علیمہ باجی عمران خان کی بہن ہیں اور اگر وہ اپنے بھائی کی رہائی کیلئے جو قدم اٹھائیں گی پارٹی ان کا بھرپور ساتھ دے گی، پورے پاکستان میں پر امن آئینی احتجاج کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں