پشاور(نیوز ڈیسک ) خیبر پختونخوا کے ضلع دیر میں بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہونےوالے پولیس اہلکار نے وزیراعلی سہیل آفریدی سے جدید اسلحہ فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک زخمی پولیس اہلکار وزیراعلی سے دہشت گردوں کے برابر اسلحہ فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
وائرل ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان خیبرپختونخوا حکومت شفیع جان نے کہا کہ پولیس کو جدید اسلحہ، ٹیکنالوجی اور وسائل کی فراہمی کا عمل جاری ہے، رواں مالی سال کے بجٹ میں پولیس کا بجٹ بڑھا کر 191 ارب روپے کر دیا گیا ہے جبکہ فرنٹ لائن اضلاع میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کار بڑھانے، جدید اسلحہ، بلٹ پروف گاڑیوں، اینٹی ڈرون سسٹمز، تھرمل کیمروں، ڈرون ٹیکنالوجی، سیف سٹی منصوبوں اور فارنزک سہولیات کے لیے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں۔شفیع جان نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے سینکڑوں ڈرون حملوں کو ناکام بنایا گیا، جبکہ پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا پولیس میں یو اے وی ڈویژن بھی قائم کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈی پی او لوئر دیر طلال احمد نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگرچہ دہشت گردوں کی بدلتی حکمت عملی کے پیش نظر مزید جدید وسائل کی ضرورت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، تاہم حکومت اور پولیس کی اعلی قیادت کی خصوصی توجہ سے لوئر دیر پولیس کو جدید ڈرونز، اینٹی ڈرون سسٹمز، کواڈ کاپٹرز، ہیوی گنز، تھرمل ویپن سائیٹس، تھرمل بائنوکولرز، بیلسٹک پروف ہیلمٹس اور دیگر جدید آلات فراہم کیے جا چکے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان ہی وسائل کی بدولت دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی بروقت نگرانی، ان کی نشاندہی اور موثر کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔