لاہور(نیوز ڈیسک )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی اصولی حمایت پر ثابت قدم ہے۔ 19 جولائی یوم الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 19 جولائی 1947 کو سرینگر میں سردار ابراہیم خان کے گھر منعقدہ اجلاس میں الحاقِ پاکستان کی قرارداد منظور کی گئی تھی جس میں سرینگر، جموں اور مظفرآباد سے میرپور تک ریاست کے ہر علاقے سے نمائندے شریک ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم ماضی کی طرح آج بھی متحد ہے اور آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی اصولی حمایت پر ثابت قدم ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے قائداعظم محمد علی جناح کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا ہر نوجوان آزادی کے لیے قربانیاں دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت کا حق ادا کیا ہے، جبکہ عظیم کشمیری رہنما سید علی گیلانی کا نعرہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے پوری کشمیری قوم کی آواز ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور کشمیر کی تمام اکائیاں پاکستان کا حصہ بنیں گی۔