راولپنڈی،پشاور(نیوز ڈیسک ) سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس پر مبنی کارروائی سے وانا اور گردونواح کی شہری آبادی کو ایک بڑی ممکنہ تباہی سے بچا لیا، جبکہ سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا (غواخوا)میں بارودی مواد سے بھری گاڑی خودکش حملے سے پہلے ہی تباہ کردی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق گاڑی میں موجود دھماکا خیز مواد کسی ممکنہ بڑے دہشتگرد حملے میں استعمال کیا جانا تھا، تاہم کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت سے معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا، سکیورٹی فورسز نے خودکش حملے کیلئے تیار گاڑی کی مسلسل تین دن نگرانی کی اور آبادی سے دور جانے پر ہی اسے نشانہ بنایا۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں بارود سے بھری گاڑی اور موٹر سائیکل تباہ ہوگئی، ایک خارجی جہنم واصل جبکہ 5 زخمی ہوگئے، دہشتگردی کیخلاف یہ کامیاب کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سکیورٹی فورسز امن دشمن عناصر کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی جانب سے گزشتہ رات خزینہ چیک پوسٹ پر قبضے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کے مطابق پولیس اہلکاروں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے تقریبا تین گھنٹے تک دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس کے باعث حملہ آور اپنے عزائم میں ناکام رہے۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایلیٹ فورس کا ایک جوان زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔