مریم نواز

پنجاب میں امن وامان کی صورتحال بہتر،بیٹیاں محفوظ ہیں:مریم نواز کا طلبا کوایک لاکھ فری الیکٹرک بائیک دینے کا اعلان

عارف والا (نیوز ڈیسک)وزیراعلی پنجاب مریم نوازنے کہا کہ نواز شریف سکول ہر تحصیل میں ہوں گے،طلبا کو ایک لاکھ فری الیکٹرک بائیک دیں گے،پنجاب میں امن وامان کی صورتحال بہتر،بیٹیاں محفوظ ہیں ،تعلیم تفریق مٹا دیتی ہے۔ مریم نواز نے عارف والا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سرکاری اسکولوں کو جدید تعلیمی اداروں میں تبدیل کر رہی ہے، جہاں غریب اور امیر کے بچوں کو یکساں سہولتیں اور مواقع میسر ہوں گے، انہوں نے بچوں کی حفاظت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو معاشرتی تفریق ختم کر کے ترقی کے دروازے کھولتی ہے۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بارشوں کے موسم میں بچوں کو غیر محفوظ مقامات پر نہ بھیجیں،انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ایک زیرِ تعمیر مکان کی چھت گرنے سے 14 بچوں کی جانیں ضائع ہوئیں، جس کا انہیں بے حد دکھ ہے، انہوں نے کہا کہ جب بھی کسی بچے کے نالے، ٹرین یا کھلے مین ہول میں گرنے کی خبر سنتی ہوں تو شدید تکلیف ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسلسل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو کھلے مین ہول بند کرنے کی ہدایات دے رہی ہے، تاہم بعض شرپسند عناصر رات کے وقت ان کے ڈھکن چرا لیتے ہیں، جس سے شہریوں خصوصا بچوں کی جان خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ان پر پنجاب کے 13 کروڑ عوام اور لاکھوں طلبہ کی ذمہ داری ہے، اسی لیے حکومت تعلیم اور طلبہ کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے،انہوں نے کہا کہ جن بچوں کے پاس معیاری سفری سہولت نہیں، ان کے لیے گرین الیکٹرک بسوں کا دائرہ کار مسلسل بڑھایا جا رہا ہے تاکہ وہ محفوظ اور آرام دہ سفر کر سکیں۔

یہ وزیراعلی نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ فخر سے کہیں کہ وہ سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، کیونکہ حکومت نے سرکاری اسکولوں میں بھی وہی سہولتیں فراہم کرنے کا عزم کیا ہے جو مہنگے نجی تعلیمی اداروں میں دستیاب ہیں، انہوں نے کہا کہ تعلیم سب سے بڑی برابری پیدا کرنے والی قوت ہے اور اعلی تعلیم انسان کے لیے ترقی کے نئے راستے کھول دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سکول آف ایمیننس میں داخلوں کے لیے غیرمعمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی، جہاں ایک ہزار نشستوں کے لیے پانچ پانچ ہزار طلبہ نے ٹیسٹ دیا، ان کے مطابق ان اسکولوں میں ایک ڈی ایس پی کا بچہ بھی پڑھتا ہے اور ایک مزدور کا بچہ بھی، کیونکہ ٹیلنٹ کا تعلق دولت سے نہیں ہونا چاہیے۔ مریم نواز نے اعلان کیا کہ طلبہ کے لیے ایک لاکھ لیپ ٹاپ اور مزید 50 ہزار ہونہار اسکالرشپس دی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں میں 40 ارب روپے کی لاگت سے تمام بنیادی سہولتوں کی کمی دور کی جا رہی ہے، جن میں نئے کلاس رومز، فرنیچر، باتھ روم، صاف پانی، پنکھے اور دیگر ضروری سہولتیں شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت سائنس، ٹیکنالوجی، ریاضی، کمپیوٹر اور آئی ٹی لیبز قائم کر رہی ہے، جبکہ پہلی مرتبہ مصنوعی ذہانت کی لیبز بھی بنائی جا رہی ہیں تاکہ پنجاب کے طلبہ بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے بچوں کی طرح جدید علوم حاصل کر سکیں، انہوں نے طلبہ کو مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور روبوٹکس سیکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ یہی مہارتیں مستقبل میں کامیابی کی ضمانت ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا اپنا بیٹا بھی سرکاری اسکول میں زیر تعلیم ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت سرکاری تعلیمی نظام پر اعتماد رکھتی ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم کے شعبے میں تبدیلی کا یہ صرف آغاز ہے اور جلد ہی صوبے بھر میں 300 جدید اسکول قائم کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں