لاہور(نیوز ڈیسک)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کاہنہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے صوبے بھر میں خستہ حال گھروں کو محفوظ بنانے کیلئے “اپنا گھر، محفوظ گھر” پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نئے پروگرام کے تحت کمزور اور مخدوش چھتوں والے گھروں کی مرمت اور مضبوطی کےلئے پانچ لاکھ روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ اضافی منزل یا نئی تعمیر کیلئے دس لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض آسان اقساط پر دیا جائے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں کیلئے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے، جن میں 1 لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو رقوم جاری کی جا چکی ہیں۔ منصوبے کیلئے اب تک 217.8 ارب روپے مختص کیے جا چکے ہیں جبکہ پنجاب بھر میں 27 ہزار 500 گھر تکمیل کے آخری مرحلے میں ہیں۔ مزید ایک لاکھ 34 ہزار 343 گھر مکمل بھی ہوچکے ہیں۔مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ قرض کی دوسری قسط تین روز کے اندر مستحق افراد کو جاری کی جائے اور کہا کہ بحرانوں میں بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات ہی اچھی حکمرانی کی پہچان ہوتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ “اپنی چھت، اپنا گھر” اور اس سے منسلک تمام منصوبے پنجاب حکومت کے فلیگ شپ پروگرام ہیں اس لیے اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیراعلی نے مزید ہدایت کی کہ قرض کے حصول کا عمل مزید آسان بنایا جائے اور غریب شہریوں پر کوئی اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جن دو ہزار بے گھر خاندانوں کو مفت پلاٹ دیے گئے ہیں، انہیں گھر کی تعمیر کیلئے بلاسود قرض بھی فراہم کیا جائے گا جبکہ جن گھروں کی چھتیں کمزور ہیں یا عمارتیں مخدوش ہیں حکومت انہیں محفوظ بنانے میں ہرممکن معاونت کرے گی۔