عاصم افتخار

جنسی تشدد جنگ کا ناگزیر نتیجہ نہیں ،اکثر خوف، جبر اور اجتماعی سزا کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے،عاصم افتخار

نیویارک(نیوز ڈیسک )پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں تنازعات سے متعلق جنسی تشدد کے خاتمے کیلئے مزید موثر اور بلاامتیاز عالمی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے کھلے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ جنسی تشدد جنگ کا ناگزیر نتیجہ نہیں بلکہ اسے اکثر خوف، جبر اور اجتماعی سزا کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے جرائم متاثرین کی زندگیاں تباہ کرتے، خاندانوں کو بکھیرتے اور معاشروں میں دیرپا زخم چھوڑ جاتے ہیں۔پاکستان نے زور دیا کہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود تمام مسلح تنازعات اور غیر ملکی قبضے کی صورتحال میں یکساں احتساب کو یقینی بنایا جائے۔

عاصم افتخار احمد نے متاثرین کیلئے طبی، نفسیاتی، قانونی اور معاشی معاونت کی فراہمی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انصاف اور وقار کی بحالی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔پاکستان نے خواتین کے تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور بین الاقوامی انسانی قانون پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں