اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی شراکت داری ایک نئے اور نہایت امید افزا دور میں داخل ہو رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ تاریخی شہر استنبول میں صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات میرے لئے انتہائی خوشی کا باعث بنی، ہماری گفتگو میں پاکستان ترکیہ سٹریٹجک شراکت داری کے تمام اہم پہلوﺅ ں کا احاطہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ترک صدر کے ساتھ تنازعات کے حل اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ کیلئے مکالمہ ہوا، سفارت کاری اور باہمی احترام ہی واحد پائیدار راستہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اردوان کی مہمان نوازی پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، اور دوطرفہ تجارت کو 5 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کے مشترکہ ہدف کو حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور بلند مقام تک لے جائیں گے، بزنس کانفرنس میں ترکیہ کی متحرک کاروباری برادری کے ممتاز نمائندوں سے ملاقات کا بھی موقع ملا۔