فلوریڈا(نیوز ڈیسک )امریکا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کو پاکستان میں نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکا میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی فزیشنز کی خدمات کے اعتراف میں انھیں جلد پاکستان میں باضابطہ نمائندگی دی جائے گی۔
فلوریڈا میں پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کے سالانہ اجلاس سے خطاب اور پاکستانی ڈاکٹروں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت سے ملک بھر میں استفادہ کیا جائے گا۔
احسن اقبال نے اس موقع پر کہا کہ انھیں یہ تجویز دی گئی ہے کہ ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کے ہر منتخب صدر کو پاکستان کی وزارت صحت میں مشیر کا درجہ دیا جائے، جسے انھوں نے فوری طور پر منظور کر لیا۔اجلاس میں پاکستان میں امریکی طرز کی میڈیکل یونیورسٹی کے قیام پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ اس نوعیت کے کسی بھی ادارے کے لئے وفاقی حکومت اپنا کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی تاکہ پاکستان میں طبی تعلیم اور تحقیق کے معیار کو عالمی سطح تک بہتر بنایا جا سکے۔