وزیر اعظم

کارگل جنگ کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی 27ویں برسی، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا خراج عقیدت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)کارگل جنگ کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشان حیدر کی 27 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی ۔5 جولائی 1999 کو کارگل کے محاذ پر دشمن سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی جرت اور بہادری کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔

شہید قومی ہیرو کے مزار پر صبح پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور پاک فوج کے چاک چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔وزیراعظم شہبازشریف نے کرنل شیرخان شہید نشانِ حیدر کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ کرنل شیرخان شہید کی لازوال قربانی پاکستان کی عسکری تاریخ کا درخشاں باب ہے، یہ قربانی مادرِ وطن سے وفاداری اور شجاعت کی اعلی ترین روایات کامنہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی یہ عظیم قربانی یاد دلاتی ہے کہ ہماری آزادی اور خود مختاری ہمارے شہدا کے مقدس خون کی مرہونِ منت ہے۔ بیرونی یا اندرونی خطرے کے خلاف اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی یوم شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کے عظیم بہادر بیٹے کو قوم کا سلام، کارگل کے پہاڑ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی بہادری کے گواہ ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان نے معرکہ کارگل میں دشمن پر لرزا طاری کر دیا، دشمن کا بھرپور مقابلہ کرنے والا قوم کا دلیر سپاہی آج بھی دلوں میں زندہ ہے، کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے جرات سے لڑتے ہوئے دشمن کے عزائم خاک میں ملائے۔محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے جوانمردی اور شجاعت کی تاریخ رقم کی، کیپٹن کرنل شیر خان شہید جیسے بہادر جوانوں کے ہوتے ہوئے دشمن وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں