کوئٹہ( نیوز ڈیسک )کوئٹہ سے پشاور جانےوالی مسافر کوچ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر واقع دانہ سر کے مقام پر گہری کھائی میں گرگئی جس کے نتیجے میں خواتین و بچوں سمیت کم از کم 30 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع شیرانی کی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئیں، جبکہ خیبر پختونخوا سے بھی ریسکیو اہلکار امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کےلئے موقع پر پہنچ گئے ۔ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑ کے مطابق زخمیوں کو ریسکیو کر کے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے اور امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔حادثے کے بعد شیرانی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو فوری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122، فرنٹیئر کور (ایف سی)، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر حصہ لے رہے ہیں۔دشوار گزار پہاڑی علاقے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا رہا تاہم ریسکیو اہلکار مسلسل آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔معاون خصوصی برائے اطلاعات بلوچستان شاہد رند کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی علاقے دانہ سر میں مسافر بس کے المناک حادثے میں 40 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔شاہد رند کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی بلوچستان کی ہدایت پر حادثے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ سے فوری رابطہ کیا گیا اور ریسکیو و امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کا شکار بس میں ایک دوسری خراب ہونے والی مسافر بس کے مسافر بھی سوار تھے، جس کے باعث گاڑی میں گنجائش سے زیادہ افراد موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے جب کہ جاں بحق افراد کی شناخت اور زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔ ۔
واضح رہے دانہ سر قومی شاہراہ این-50 (N-50) پر واقع ایک اہم پہاڑی درہ ہے، جو بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے درمیان مرکزی زمینی رابطے کا کردار ادا کرتا ہے۔یہ مقام ژوب سے تقریبا 35 کلومیٹر اور ڈیرہ اسماعیل خان سے لگ بھگ 130 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور دشوار گزار سلیمان پہاڑی سلسلے میں ہونے کے باعث ٹریفک کے لیے نہایت اہم گزرگاہ سمجھا جاتا ہے۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دانہ سر میں پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور متعلقہ انتظامی افسران اس کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے جب کہ دونوں صوبوں کی ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور ریسکیو ادارے جائے حادثہ پر سرگرم ہیں۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بروقت اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور امدادی کارروائیوں میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ حکومت بلوچستان نے دانہ سر کے علاقے میں پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر سوگ کا اظہار کیا ہے۔