مینگو ڈپلومیسی

پاکستان کی مینگو ڈپلومیسی ، 76 ممالک کو آم تحفے میں دینے کا فیصلہ

اسلا م آباد(نیوز ڈیسک )حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی مینگو ڈپلومیسی مہم کے تحت دنیا بھر کے 76 ممالک کے سربراہانِ مملکت، اعلی حکومتی شخصیات، سفارت کاروں اور اہم عالمی شخصیات کو اعلی معیار کے پاکستانی آم بطور تحفہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی)کے مطابق اس خصوصی سفارتی مہم کے تحت 34 ٹن سے زائد اعلی معیار کے پاکستانی آم 5 کلوگرام کے 6 ہزار 896 خصوصی پیکنگ باکسز میں دنیا کے مختلف ممالک روانہ کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق اس بار سب سے بڑی کھیپ سعودی عرب، ترکیہ، برطانیہ اور چین کو بھیجی جا رہی ہے، جبکہ دیگر اہم دوست اور شراکت دار ممالک بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ آموں کی پیکنگ اور ترسیل بین الاقوامی معیار کے مطابق کی جا رہی ہے تاکہ منزل تک پہنچنے تک ان کی تازگی اور معیار برقرار رہے۔ٹی ڈی اے پی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صرف پاکستانی آموں کو بطور تحفہ پیش کرنا نہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے اعلی معیار کے زرعی اور باغبانی مصنوعات کو فروغ دینا بھی ہے۔ پاکستانی آم اپنی منفرد خوشبو، ذائقے اور اعلی معیار کی وجہ سے دنیا بھر میں خاص شہرت رکھتے ہیں، اور یہ مہم ان کی عالمی مارکیٹ میں مزید پذیرائی حاصل کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔

حکام کے مطابق مینگو ڈپلومیسی پاکستان کی سافٹ ڈپلومیسی کا اہم حصہ ہے، جس کے ذریعے دوست ممالک کے ساتھ خیر سگالی، باہمی اعتماد اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی سفارتی مہمات نہ صرف پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرتی ہیں بلکہ ملکی زرعی برآمدات میں اضافے، نئی منڈیوں تک رسائی اور پاکستانی آموں کی عالمی طلب بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں