نیئرحسین بخاری

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی سیاست اپنی اپنی ہے، نیئرحسین بخاری

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بجٹ سازی کے مرحلے پر مسلم لیگ ن کی حکومت کا بھرپور ساتھ دے کر اتحاد کا مظاہرہ کیا تاہم دونوں جماعتوں کی سیاسی پالیسی اور موقف الگ الگ ہیں۔

اپنے ایک بیان میں نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے بلدیاتی نظام سے متعلق بات کی ہے جس پر ان کا کہنا تھا عوام کو با اختیار بنانے کے لیے ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے تاکہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ 28 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بھی ابھی تک کوئی حتمی مسودہ یا باضابطہ تجویز سامنے نہیں آئی، اس لیے اس معاملے پر قیاس آرائی مناسب نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی خودمختاری آئین کا بنیادی حصہ ہے اور اس میں کسی قسم کی مداخلت قبول نہیں کی جا سکتی۔

نیئر بخاری نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں عوامی حمایت حاصل کی جبکہ ایم کیو ایم نے انتخابی عمل میں مکمل حصہ نہیں لیا، ان کے بقول جماعت اسلامی اس وقت میئر کے منصب کی دعوے دار ہوتی اگر عوام اسے مطلوبہ مینڈیٹ دیتی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کو چاہیے کہ وہ صبر سے کام لیں اور کراچی کے بلدیاتی نظام کو چلنے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے اور عوامی مسائل کو ہر فورم پر اجاگر کرنا اپنی سیاسی ذمہ داری سمجھتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں