لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور میں ایل پی جی کی قیمتیں بے قابو ہو گئیں، جس کے باعث شہریوں اور بالخصوص رکشہ ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیل کے مطابق لاہور میں ایل پی جی 450 سے 500 روپے فی کلو کے درمیان فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے دعوے تاحال موثر ثابت نہیں ہو سکے۔
مہنگی ایل پی جی نے گھریلو صارفین کے بجٹ پر بھی منفی اثر ڈالا ہے، جبکہ رکشہ ڈرائیورز کے مطابق بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث روزانہ کا روزگار چلانا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ غریب طبقے کے لیے مزید مسائل پیدا کر رہا ہے، اور حکومت کو فوری طور پر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔