کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے گزشتہ روز رواں مالی سال کےلئے پانی اور سیوریج بلوں کے ٹیرف میں 7.05 فیصد اضافہ کردیا ۔ اس ایڈجسٹمنٹ کے بعد گھریلو اور کمرشل صارفین کی مشکلات میںاضافہ ہو گا۔کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (کے ڈبلیو ایس سی) کے اعلامیہ کے مطابق مالی سال 26-2025 میں گھریلو اور کمرشل صارفین کا اوسط ماہانہ بل تقریبا 900 روپے تھا، جو رواں مالی سال 27-2026 میں بڑھ کر تقریبا 1000 روپے ماہانہ ہو گیا ۔
اس طرح صارف کے اوسط ماہانہ بل میں صرف 100 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے۔چیف کمرشل آفیسر واٹر کارپوریشن حارث سرفراز نے بتایا کہ اس ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کراچی کے 12 لاکھ 89 ہزار گھریلو و کمرشل صارفین جبکہ تقریبا 8 ہزار بلک اور صنعتی صارفین پر ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ حجم کی بنیاد پر بل وصولکئے جانے والے بلک اور صنعتی صارفین کے لیے ٹیرف 0.526 پیسہ فی گیلن سے بڑھا کر 0.563 پیسہ فی گیلن کیا گیا ہے، جو 7.05 فیصد سی پی آئی پر مبنی سالانہ ایڈجسٹمنٹ کے مطابق ہے۔
چیف کمرشل آفیسر نے کہا کہ دیگر یوٹیلیٹی سروس فراہم کرنے والے اداروں کی طرح واٹر کارپوریشن کو بھی آپریشنل اخراجات میں مسلسل اضافے کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی، ایندھن، مرمت و دیکھ بھال اور پرانے انفراسٹرکچر کی بحالی سمیت مختلف اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ ادارے کے آپریشنل اخراجات کی وصولی، مالی استحکام اور طویل مدتی پائیداری کے لئے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ سے حاصل ہونے والی اضافی آمدنی کراچی کے پانی اور سیوریج کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر خرچ کی جائے گی، جس میں پانی کی ترسیل و تقسیم کے نیٹ ورک کی بحالی، اہم تنصیبات کی مرمت و دیکھ بھال، سیوریج نظام کی اپ گریڈیشن اور سروس ڈلیوری میں بہتری شامل ہے۔