اسلام آباد (کامرس ڈیسک)پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کسٹمز امور میں تعاون اور باہمی معاونت کے انتظام پر دستخط کر دئیے گئے۔پاکستان کسٹمز اور ہانگ کانگ کسٹمز کے درمیان معلومات اور انٹیلی جنس کے تبادلے کےلئے تعاون کا فریم ورک قائم کر دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان اور ہانگ کانگ کسٹمز کے درمیان مشتبہ کھیپوں ، افراد کی نگرانی اور کسٹمز قوانین کے نفاذ میں باہمی معاونت پر اتفاق کیا گیا ہے۔پاکستان کسٹمز اور ہانگ کانگ کسٹمز نے بین الاقوامی تجارتی سپلائی چین کو محفوظ بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس تعاون سے مثر کسٹمز انفورسمنٹ اور تجارتی سہولت کاری کو فروغ ملے گا۔ یہ اقدام بین الاقوامی تجارتی ماحول کو مزید محفوظ بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ ممبر کسٹمز آپریشنز سید شکیل شاہ نے ہانگ کانگ کسٹمز کے نمائندگان کا خیرمقدم کیا اور تعاون کو سراہا۔ اس موقع پر پاکستان کسٹمز اور ہانگ کانگ کسٹمز کے درمیان طویل المدتی ادارہ جاتی تعلقات کے فروغ پر زور دیا گیا ہے۔
پاکستان کسٹمز نے باہمی معاونت اور تعاون کے تمام شعبوں میں ہانگ کانگ کسٹمز کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ہانگ کانگ کسٹمز کے سربراہ اور ہانگ کانگ میں پاکستان کے قونصل جنرل کے درمیان معاہدے کی دو نقول کا تبادلہ کیا گیا۔ اس پیش رفت سے دونوں ممالک کے کسٹمز اداروں کے درمیان پیشہ ورانہ روابط مزید مستحکم ہوں گے اور سرحد پار تجارت میں شفافیت اور سیکیورٹی کے نئے معیارات قائم ہوں گے۔