اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ کی زیر صدارت اجلاس میں محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم جائزہ لیا گیا ہے۔ اجلاس میں تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکرٹریز اور پولیس حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی علاوہ ازیں انتظامات کا جامع جائزہ بھی لیا گیا، محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے پر زور بھی دیا گیا۔طلال چوہدری نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے درکار معاونت سے آگاہ کرنے اور ہوم سیکرٹریز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سکیورٹی اقدامات مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔