ایڈمرل نوید اشرف

مستقبل کی جنگیں نئی حکمت عملیوں کی متقاضی ہیں،نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف

راولپنڈی(نیوز ڈیسک)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ روایتی عسکری حکمتِ عملی کو جدید سیکیورٹی چیلنجز سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، بحرِ ہند میں تیزی سے بدلتی صورتحال سیکیورٹی ماحول پر مسلسل اثرانداز ہو رہی ہے مستقبل کی جنگیں نئی حکمت عملیوں کی متقاضی ہیں،،پاک بحریہ ہر طرح کے روایتی و غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کےلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 55ویں پاکستان نیوی سٹاف کورس کے شرکا سے خطاب کیا۔

نیول چیف نے اپنے خطاب میں جدید جنگی ماحول کی بدلتی ہوئی نوعیت اور سمندری سلامتی کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ روایتی اور غیر روایتی خطرات سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے حکمت عملیوں کو نئے تقاضوں کے مطابق ڈھالنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ جدیدیت، مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کے فروغ اور تینوں مسلح افواج کے درمیان مشترکہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کورس کے شرکا پر زور دیا کہ وہ اپنی اسٹریٹجک بصیرت اور آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا موثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

سمندری سلامتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ بحرِ ہند کا خطہ تیزی سے بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال اور بڑی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی رقابت کے باعث ایک حساس اور مسابقتی خطہ بن چکا ہے، جس کے اثرات علاقائی سلامتی کے ماحول پر مرتب ہو رہے ہیں۔اپنے اختتامی کلمات میں ایڈمرل نوید اشرف نے 55 ویں پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکا کو کورس کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور انہیں پیشہ ورانہ مہارت، تجزیاتی صلاحیتوں اور جدت پسندی کو اپنی آئندہ ذمہ داریوں کا محور بنانے کی تلقین کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں