مریم نواز

پرواز کارڈ کے تحت تربیت یافتہ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع میسر آسکیں گے،مریم نواز

لاہور(نیوز ڈیسک)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پرواز کارڈ پروگرام کے تحت تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ ہنر مند نوجوان نہ صرف اپنے خاندانوں کی بہتر کفالت کر سکتے ہیں بلکہ ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ بھی ہیں۔

وزیراعلی مریم نواز نے پرواز کارڈ کے زیر اہتمام تربیت مکمل کرنے والے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرواز کارڈ کے تحت تربیت یافتہ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع میسر آسکیں گے۔ وزیراعلی نے کہا کہ 5 لاکھ سے زائد نوجوانوں کوان کے پسندیدہ ہنر کی تربیت دے رہے ہیں،بیرون ملک غیر ہنرمند کو وہ مقام نہیں ملتا جو ہنر مند افراد کو ملتا ہے ۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالی نے نوجوانوں کو لینے والا نہیں بلکہ دینے والا بنایا ہے، اس لئے وہ اپنی صلاحیتوں اور محنت کے ذریعے معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں،بیرونِ ملک روزگار کے مواقع نوجوانوں کے لیے انتہائی اہم ہیں کیونکہ اس سے بہتر آمدن کے ساتھ ساتھ قیمتی تجربہ اور جدید پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکلڈ ورکرز کو بیرونِ ملک زیادہ عزت اور بہتر معاوضہ ملتا ہے۔ مریم نواز نے منصوبے کی کامیابی کے لئے عدنان چٹھہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کی فنی تربیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ ہنر مند افرادی قوت پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔

محکمہ انصاف کو تحقیقات کی ہدایت وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ بیرونِ ملک جانے والے پاکستانی ورکرز میں 50 فیصد سے زائد افراد غیر ہنر مند کیٹیگری میں شامل ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں بہتر تنخواہوں، ترقی کے مواقع اور پیشہ ورانہ شناخت کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہوں نے زور دیا کہ عالمی منڈی میں مسابقت کے لیے جدید مہارتوں کا حصول ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کو مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی تربیت فراہم کر رہی ہے، اس مقصد کے لیے کنسٹرکشن، ہاسپیٹیلٹی، ٹرانسپورٹ، لوجسٹکس، انجینئرنگ، انرجی اور ہیلتھ سمیت مختلف شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ نوجوان روزگار کی بہتر مواقع سے استفادہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ملائیشیا سمیت مختلف ممالک کی کمپنیوں کے ساتھ روابط کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں تاکہ تربیت مکمل کرنے والے نوجوان محفوظ، باوقار اور بہتر کیریئر کا آغاز کر سکیں، ان کا کہنا تھا کہ اسکل ڈویلپمنٹ نہ صرف نوجوانوں کے روشن مستقبل بلکہ ملکی معیشت کے استحکام کی بھی ضمانت ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے روشن اور محفوظ مستقبل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور میرٹ، مہارت اور مواقع کا امتزاج ہی نوجوان نسل کی کامیابی اور پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے بیرونِ ملک روزگار کے لیے روانہ ہونے والے نوجوانوں کے لئے نیک تمناﺅ ں اور دعاں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان درحقیقت پاکستان کے سفیر ہیں، جو اپنی محنت، کردار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے دنیا بھر میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں