اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ نے رانا تنویر حسین بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اپنے مدمقابل الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ن لیگی ایم این اے وفاقی وزیر رانا تنویر اور پی ٹی آئی رہنما عاطف خان میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور معاملہ اتنا گرما گرم ہوا کہ رانا تنویر نے جوش میں آ کر پی ٹی آئی کو اپنے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان کو اپنے مدمقابل الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ میں الیکشن جیت کر آیا ہوں اور میرے حلقے میں ایک بھی جعلی ووٹ نہیں پڑا۔ پی ٹی آئی کو چیلنج کرتا ہوں کہ میرے مقابلے میں عمران خان کو الیکشن لڑوائیں۔اس موقع پر جب تلخ کلامی بڑھی تو اپوزیشن ارکان نے رانا تنویر اور عاطف خان میں بیچ بچاﺅ بھی کرایا۔ اپوزیشن رہنما نے کہا کہ رانا تنویر حسین آپ چپ کر جائیں۔ن لیگی رہنما رانا تنویر نے کہا کہ میں آپ کے لیڈر کو خوب جانتا ہوں، آج آپ کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ مکافات عمل ہے۔
پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ وہ منتخب ہو کر آئے ہیں، تو کیا ہم منتخب ہو کر نہیں آئے؟۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مداخلت کرتے ہوئے معاملہ رفع دفع کرانے کی کوشش کی اور کہا کہ رانا صاحب درگزر کریں، ڈوگر صاحب آپ کے بھتیجے ہیں۔ پی ٹی آئی ایم این اے عاطف خان نے کہا کہ رانا تنویر آپ کو عدالت میں نہ گھسیٹا تو بولیے گا، جس پر مذکورہ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی والے لاکھ برا چاہیں تو کیا ہوتا ہے، وہی ہوتا ہے جو مکافات عمل ہوتا ہے۔ یہ مکافات عمل ہی ہے، ہمارے بھی دروازے توڑے گئے تھے۔